حضرت والا دامت برکاتہم
السلام علیکم ورحمۃ اللٰہ و برکاتہ امید کہ مزاجِ گرامی بخیر ہونگے. ملکی سطح پر مسلمانوں کے خلاف ہندوتوا کے علمبرداروں, ملک دشمن اور فاشسٹ طاقتوں کی طرف سے بڑی تیزی کے ساتھ عدمِ رواداری اور فرقہ وارانہ حملوں کے واقعات انجام دیئے جارہے ہیں اور اس خطرناک رجحان کو منصوبہ بند سازش کے تحت پورے ملک میں فروغ دیا جا رہا ہے. دارالعلوم دیوبند اور دیگر مدارسِ اسلامیہ پر دہشت گردی اور طرح طرح کے بےجا الزامات لگائے جارہے ہیں. ملک دشمن عناصر کی طرف سے ملک کے نظامِ تعلیم کو بھگواکرن کی کوشش کی جارہی ہے, سرکاری تعلیمی اداروں میں مسلمان بچوں سے بھی سرسوتی وندنا کرایا جارہا ہے اور مسلمانوں کے مذہبی عقائد, اخلاق اور تہذیب پر شدت کے ساتھ حملے کیئے جارہے ہیں.پورے ملک میں بڑھتے ان واقعات کی وجہ سے ملک کا مسلمان انتہائی خوف و ہراس, پست ہمتی اور مایوسی کا شکار ہوتا جارہا ہے اور سخت گھٹن محسوس کر رہا ہے. بین الاقوامی سطح پر بھی مسلمانوں کے حالات بہت خراب ہیں. شام, فلسطین, عراق اور دوسرے متعدد اسلامی ممالک میں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں معصوم مسلمان, بچے, عورتیں اور بوڑھے لوگ اسلام دشمن طاقتوں کے بموں اور گولیوں سے قتل کئے جارہے ہیں. پورا عالمِ اسلام معصوم مسلمانوں کے خون سے رنگین ہوچکا ہے. اور اس طرح کے حملے گھٹنے کی بجائے مسلسل بڑھتے جارہے ہیں. مسلمانوں کا ہر دو ملکی و بین الاقوامی سطح پر بحرانی دور سے دوچار ہونے کے مہیب ماحول میں ملک کے مسلمانوں کی نگاہِ امید اور بالخصوص علماء کی نگاہیں ,جن میں مرکز المعارف اور اس طرز کے دیگر انگریزی مراکز کے فارغ سینکڑوں نوجوان علماءِ دیوبند کے علاوہ دیگر بہت سارے دردمند علماء شامل ہیں, جمعیۃ علماء ہند کی طرف جاتی ہیں. مرکز المعارف وغیرہ سے انگریزی تعلیم یافتہ ہم سینکڑوں فارغینِ دار العلوم دیوبند ملکی میڈیا اور مسلمانوں کے حالات اور ان سے متعلق انگریزی میں شائع ہونے والی ملکی وغیرملکی خبروں کے پیشِ نظر بہت بے چینی اور اضطراب محسوس کرتے ہوئے آپ حضرات سے بہت درد کے ساتھ مشترکہ طور پر درخواست کرتے ہیں کہ اکابر کی قائم کردہ ملک کی سب سے بڑی مسلم تنظیم جمعیۃ علماء ہند کی ہوئی تقسیم کو ختم کرکے اسے متحد کیا جائے تاکہ جمعیۃ کی قیادت مضبوط ہو اور اس کی آواز میں طاقت پیدا ہو, اور اس پلیٹ فارم سے پیغمبرِ انسانیت کو گالیاں دینے والے کملیش تیواری کے خلاف فوری طور پر تحریک شروع کرکے, طاقتور ریلیاں نکال کر حکومتِ ہند پر دباؤ بنایاجائے کہ اسے عبرتناک سزا دی جائے. ہم آپ حضرات سے امید کرتے ہیں اور اللٰہ تعالٰی سے دعاء کرتے ہیں کہ جمعیۃ متحد ہوجائے اور ملک کے مسلمانوں کی کھوئی ہوئی آبرو واپس آجائے! آمین . والسلام مورخہ 20 صفر 1437 ہجری مطابق 3 دسمبر 2015 بروز جمعرات وضاحتی نوٹ: یہ درخواست مشترکہ طور پر 200 سے زائد نوجوان فضلاءِ دار العلوم دیوبند کی طرف سے ہے جن میں مرکز المعارف اور اس طرز کے دیگر اسلامی انگریزی اداروں کے فارغین شامل ہیں اور ہندوستان کے علاوہ بیرون ممالک بشمول عرب ممالک, برطانیہ, امریکہ و ساؤتھ افریقہ میں مقیم ہیں.
0 Comments
Your comment will be posted after it is approved.
Leave a Reply. |
Categories
All
Archives
October 2023
|